ڈیرہ اللہ یار: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و بین الصوبائی امور میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر رقم فراہم کررہی ہے۔
صوبائی حکومت کے فنڈز سے ڈیرہ اللہ یار اور حلقہ پی بی13میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جلد ہی ترکش کالونی کو بجلی کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی حکومت نے ترکش کالونی کو بجلی کی فراہمی کے لیے دو کروڑ روپے جاری کیے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد آغا شیر زمان پٹھان سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے سنجیدہ ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی کی نسبت موجودہ حکومت میں جعفرآباد سمیت صوبے بھر میں عوامی اجتماعی بھلائی کے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے صوبے کی پسماندگی کے خاتمے میں کافی مدد ملے گی نہری نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جعفرآباد کے گرین بیلٹ کو ہرا بھرا رکھنے کے لیے صوبائی وزیر آبپاشی نوابزدہ طارق خان مگسی سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں زرعی شعبے کو درپیش مسائل سمیت پانی کے بحران کے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔
میر عمر خان جمالی کا کہنا تھا کہ جعفرآباد ضلع کی زمینیں پٹ فیڈر اور کیر تھر کینال کے ذریعے سیراب ہوتی ہیں پٹ فیڈر کینال کے پشتے کمزور ہونے کے باعث پانی کا دباؤ برداشت نہیں ہوتا اور پانی ضائع ہو جاتا ہے صوبائی حکومت پٹ فیڈر کینال کی بھل صفائی کے لیے بھی جلد اقدامات اٹھائے گی انہوں نے کہا کہ 2010کے تباہ کن سیلاب میں ترک حکومت کی جانب سے ڈیرہ اللہ یار کے شہریوں کو ترکش ماڈل پر ایک کالونی تعمیر کرواکر دی گئی۔
جس میں بجلی پانی گیس کے مسائل درپیش ہیں پہلے مرحلے میں حکومت بلوچستان نے ترکش کالونی کو بجلی کی فراہمی کے لیے دو کروڑ روپے جاری کیے ہیں بجلی بحال ہونے کے بعد ترکش کالونی کو گیس اور پانی کی سہولت بھی فراہم کرینگے تاکہ کالونی کے مکینوں کو تمام بنیادی سہولیات دہلیز پر میسر ہوں۔