ڈیرہ اللہ یار: ملک بھر میں آٹے کے بحران کے پیش نظر پاسکو زون جعفرآباد کی جانب سے سندھ فوڈ اتھارٹی کو بڑی مقدار میں گندم کی فراہمی شروع ہوگئی ہے پاسکو ڈیرہ اللہ یار کے گودام سے ہزاروں ٹن گندم بڑی گاڑیوں میں لاد کر سندھ منتقل کی جارہی ہے۔
پاسکو کی جانب سے 100کلو گرام کا بیگ چار ہزار 66روپے میں سندھ فوڈ اتھارٹی کو فروخت کی جارہی ہے اس وقت سندھ بلوچستان سمیت ملک بھر میں آٹے کا شدید بحران پیدا ہوا جس کے باعث عوام چاول کی روٹی استعمال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور آٹے کی قیمت 70روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے جو کہ غریب عوام کے قوت خرید سے باہر ہے۔
حکومت آٹے کے بحران پر قابو پانے کے لیے دیگر قریبی ممالک سے گندم امپورٹ کرنے پر غور کررہی ہے تاہم پاسکو حکام نے پہلے مرحلے میں گندم کی بھاری کھیپ سندھ فوڈ اتھارٹی کے حوالے کردی ہے سندھ فوڈ اتھارٹی کو مزید گندم کی فراہمی بھی جاری ہے پاسکو زون ڈیرہ اللہ یار کے حکام نے بتایا ہے پاسکو حکام کی جانب سے فی الحال سندھ فوڈ اتھارٹی کو گندم کی فراہمی کے ہدایات جاری ہوئے ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع کو گندم کی فراہمی کے احکامات ملے تو جلد ہی کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا محکمہ خوراک کی جانب سے گزشتہ اور رواں سال گندم کی خریداری نہ کرنے کے باعث ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے پاسکو ڈیرہ اللہ یار زون کے گودام میں 2018اور 2019کے دوران خریدی گئی گندم وافر مقدار میں دستیاب ہے جبکہ 2016اور 2017کے دوران خریدی گئی گندم گزشتہ سال فروخت کردی گئی ہے۔