بھاگ: نیشنل پارٹی تحصیل کے زیراہتمام بھاگ تحصیل کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے عظیم الشان احتجاجی ریلی اور جلسہ عام منعقدہوا احتجاجی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مین بازار میں جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی احتجاجی ریلی اور جلسہ عام کی صدارت نیشنل پارٹی کے صوبائی کسان سیکرٹری عبدالستار بنگلزئی نے کی جبکہ مہمان خاص نیشنل ڈیموکرٹیک پارٹی کے رہنماواجہ چنگیز حئی بلوچ تھے۔
جلسہ عام سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سنٹرل کمیٹی کے ممبرٹکری میران بلوچ،جے کیوایم کے نوراحمد جاموٹ،بی این پی (عوامی) کے مرکزی رہنما میر داؤد جان بنگلزئی،جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما حافظ عبدالرشید گویا،تحصیل امیر حافظ محمد یوسف گویا،اکبر بلوچ،اعجاز بلوچ،فیاض احمد،غلام قادر مندرانی،سابق وائس چئیرمین میونسپل کمیٹی مقصود احمد ہانبھی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل بھاگ ایک قدیم تاریخی شہر ہے اور خوانین قلات کا ہیڈ کوارٹررہاہے لیکن بدقسمتی کیساتھ آج اس شہر کے عوام سے بنیادی حقوق چھیننے بلکہ ڈاکہ زنی کرنے کیلئے استحصالی قوتوں نے سازشیں شروع کررکھی ہیں جوکہ ظلم کے مترادف ہے۔
بھاگ شہر میں پینے کے پانی کے حوالے سے اربوں روپے کو محکمہ پی ایچ ای کے آفیسران نے اپنے عیاشی کرکے خرد برد کیئے ہیں کچھی واٹر پلین ڈیرہ مراد جمالی ٹو بھاگ پر آفیسران نے میگا کرپشن کی ہیں جس میں خصوصاً ایکسین پی ایچ ای کچھی واٹر پلین کا ہاتھ ہے اور وہ براہ راست اس میگا کرپشن کا ماسٹر مائنڈ ہے،بجلی کی لوڈشیڈنگ ٹرپنگ،گیس پریشر میں کمی،ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل کا استعمال،نام نہاد گنڈاجات کمیٹی اور ندی ناڑی سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم نے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا کررکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ عوام کیلئے مخلصانہ جدوجہدکی ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے کبھی بھی عوام کے حقوق کا سودا نہیں کیابلکہ عوامی حقوق کے حصول کیلئے کلیدی کردار ادا کیاہے اور پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ بھاگ شہر میں جاری کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں میں کسی کو بھی گھپلے اور خردبرد کرنے نہیں دینگے جلال خان تا بھاگ روڈ کے دوکلومیٹر کو ٹھیکدار نے بناکر بقیہ دو کلومیٹر کو چھوڑ کر رفو چکر ہوگیاہے اور ٹھیکدار لاکھوں روپے کو ہڑپ کرنا چاہتے ہیں لیکن انھیں کسی بھی صورت یہ کرنے نہیں دینگے بھاگ شہر میں پینے کے پانی کیلئے کروڑوں روپے کے پائپ لائن کی بچھائی کاکام ٹھیکدار چھوڑ کر فرار ہوگیاہے اور کروڑوں روپے کرپشن کی نظر ہورہے ہیں اور ٹھیکدار کمیشن مافیا کیساتھ ملکر کروڑوں روپے ہضم کرنا چاہتے ہیں اس ٹھیکدار کو بلیک لسٹ قرار دیکر اس کے خلاف کاروائی کیاجائے اور ملوث آفیسران کو قانون کے کٹہرے میں لاکر عبرتناک سزا دی جائے۔
اس کے علاوہ شوران واٹر سپلائی سنی واٹر سپلائی مکمل طور پر غیر فعال ہے احتجاجی جلسہ عام کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھاگ شہر کو پینے کا پانی،گیس پریشر میں کمی،ترقیاتی کاموں میں کرپشن کا فی الفور نوٹس لیاجائیگا اور بھاگ شہر کے عوام کو بلاتعطل گھر گھر نلکوں کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیاجائے کسانوں،زمینداروں کا استحصال بند کیاجائیگا بصورت دیگر ہم عوامی قوت کے بل بوتے پر بھاگ کی عوام کیساتھ ظلم جبر کرنے والی قوتوں کیخلاف سیاسی گھیرا تنگ کرینگے جلسہ عام کے بعد نیشنل پارٹی کے دفتر میں آل پارٹیز اجلاس منعقدہوا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیا ر کیاگیا۔