|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2014

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ”ضرب عضب“ کامیابی سے جاری ہے، فورسز نے میران شاہ، بویا اور دیگان کو دہشتگردوں سے کلیئر کرالیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کی اہداف کے مطابق پیش رفت جاری ہے اب تک پاک نے میران شاہ، بویا اور دیگان کو مکمل جب کہ میرعلی اور مضافات کے 70 فیصدعلاقے کو دہشت گردوں سے کلیئر کرالیا جس کے بعد میرعلی اور نواحی علاقوں میں گھر گھرسرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے مطابق میرعلی دہشت گروں کا دوسرا بڑا ٹھکانا تھا جسے کلیئر کرایا گیا ہے جب کہ وہاں سے اسلحہ اور بارود بنانے والی 2 بڑی فیکٹریاں بھی پکڑی گئیں، اس کے علاوہ آپریشن کے دوران بویا سے 5 ہزار کلو گرام وزنی بارودی سرنگیں برآمد ہوئی جسے ناکارہ بنا دیا گیا جب کہ 2 زیر زمین سرنگوں سے بھی دھماکا خیز مواد کے 30 بیرلز ملے ہیں۔ واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے گزشتہ ماہ 14 جون سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے نام سے شروع ہونے والے آپریشن میں اب تک 500 سے زائد ملکی اور غیر ملکی دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔