|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2014

لاہور: وزیر ریلوے سعد رفیق نے عمران خان کو معاملات افہام وتفہیم سے حل کرنے کامشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں لیکن ہم سے نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تقدیر کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں ہوتا اور یہ وقت متحد ہونے کا ہے، آپس میں لڑنے جھگڑنے کا نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان طالبان سے مذاکرات کیلیے تیار ہیں لیکن ہم سے مذاکرات نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ سعد رفیق کے یہ بیانات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب 14 اگست کو پی ٹی آئی کے دھرنے میں صرف دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے انتخابات سے متعلق ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسلام آباد میں مارچ کیا جائے گا۔