تربت : بی اے پی کے مرکزی رہنما، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشیددشتی نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سی پیک شاہراہ تا بل نگور کوچوکراس 76کلومیٹر سڑک کی تعمیرکیلئے 95کروڑ روپے کی منظوری دی ہے، بل کراس تاکاشاپ 12کلومیٹر سڑک، بل نگور فٹ بال اورکرکٹ اسٹیڈیم، لائبریری کے منصوبے موجودہ پی ایس ڈی پی کاحصہ ہیں،علاقہ میں 5واٹرسپلائی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز بل نگور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران عوام اورمیڈیانمائندوں سے گفتگوکے دوران کیا، اس موقع پرمعروف شخصیت امام بخش گرک، حاجی رستم بزنجو، عبدالباقی دشتی ودیگران کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہاکہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے بل نگور، زرین بگ ودیگرعلاقوں کے عوام شدید مشکلات وپریشانیوں کے شکارہیں اس لئے میں نے بل نگورتاسی پیک شاہراہ کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا اور وزیراعلیٰ جام کمال خان سے خصوصی درخواست کی اور عوام کی مشکلات سے انہیں آگاہ کیاجس پر وزیراعلیٰ نے اس سڑک کی تعمیرکیلئے95کروڑ روپے کی منظوری دی ہے جس کا سروے آئندہ ماہ شروع کردیاجائے گا جبکہ غالب امکان یہی ہے کہ اپریل کے مہینہ میں کام شروع ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ دشت، مند کی طرح اس ایک سال کے دوران بل نگورمیں بھی بڑے پیمانے پرترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں اگر نیت صاف اورجذبہ خالص ہو تو کوئی
کام مشکل نہیں، انشاء اللہ ہم اپنے عوام کے سامنے سرخروہوں گے، انہوں نے بل تاکہیرن 3کلومیٹر زیرتعمیر سڑک،گرکانی سیچی گرلز اسکول کی زیرتعمیر عمارت، گرکانی سیچی واٹرسپلائی اسکیم، کپکپارجمعہ بازار واٹرسپلائی اسکیم ودیگرمنصوبوں کامعائنہ کیا۔