ڈیرہ اللہ یار: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر استحصالی ٹولے کا قبضہ ہے 70سالوں سے نسل در نسل عوام پر حکمرانی کرتے ہوئے قوم کا استحصال کررہے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ استحصالی قوتوں کا مقابلہ کریں اور ان کی غلامی سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کو بھر پور موقع دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اللہ یار میں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالمجید بادینی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست پر ایسٹ انڈیا کمپنی سے لیکر اب تک 250خاندان قابض ہیں جنکا ہر فرد سینیٹ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سمیت ضلعی اور تحصیل سطح کے عہدوں پر فائز ہیں اقتدار میں آکر انکی تقدیر تو بدل گئی ہے تاہم قوم کی تقدیر نہیں بدلی قوم کی انکھوں میں آج بھی غم اور مایوسی کے آنسو چھلکتے دیکھ رہا ہوں ہر طرف بھوک افلاس بیروزگاری اور بنیادی سہولیات کا فقدان ہے عوام علاج معالجہ کے لیے بھی بچے فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی دیگر جماعتوں کی طرز سیاست نہیں اسلامی انقلابی سیاست کرتی ہے جماعت اسلامی کا منشور وہ پاکستان ہے جس میں جہالت نہیں تعلیم کی شمع گلی کوچہ روشن رہے جہاں بھوک افلاس نہیں عوام کو باعزت روزگار میسر ہو جہاں علاج معالجہ اور تعلیم مفت ہو جہاں بدحالی نہیں خوشحالی ہو جماعت اسلامی قوم کو کسی ایک شخصیت کے نہیں اللہ تعالیٰ کے نظام کی طرف بلا رہی ہے۔
قوم نے پاکستان میں سیاست کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک بار نہیں بار بار آزمایا ہے لیکن ان جماعتوں نے قوم کو سوائے محرومی بھوک بدحالی کے کچھ نہیں دیا قوم کو اب غلامی کی زنجیریں اتار پھکنا ہونگیں اور اپنے حقوق کے لیے جماعست اسلامی جس کو دنیا تسلیم کرچکی ہے کہ دیانتدار اور خدمت کا جذبہ رکھنے والی جماعت ہے کو موقع دینا چاہیے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح کی سڑکیں سوڈان میں دیکھ آیا ہوں ویسی ہی سڑکیں جعفرآباد میں دیکھنے کو ملی ہیں یہاں زرعی شعبے کو جان بوجھ کر تباہ کردیا گیا آج جعفرآباد کا دھکان بدحالی کا شکار ہے اس میں ان کا کوئی قصور نہیں یہ قصور آپ عوام کا ہے کہ آپ انتخابات میں حقیقی قیادت کو منتخب کرنے میں ہر بار ناکام رہے ہیں۔
استحصالی ٹولہ کبھی نہیں چاہتا کہ عوام خوشحال اور تعلیم یافتہ ہو عوام خوشحال اور تعلیم یافتہ ہوا تو استحصالی ٹولے کی جی حضوری کون کریگا میں ترقی اور خوشحالی کا پیغام لیکر آیا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ایک بار جماعت اسلامی کو موقع دیں آپ کی تقدیر بدل دینگے ہم زبانی جمع خرچ نہیں حقیقی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔