|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2020

اسلام آباد/ کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے چین میں کرونا وائرس سے انسانی جانوں کے ضیاع اور معاشی و اقتصادی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا شبہ ایسی ناگہانی صور تحال چین کے لئے پریشان کن ہے تاہم امید ہے کہ چین ایسی بحرانی صورتحال سے جلد نبرد آزما ہوکر دوبارہ معمولات زندگی کی جانب لوٹ سکے گا۔

بلوچستان کے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے منگل کو پاکستان میں تعینات چین کے سفیر مسٹر یاو چنگ (Yao ching) سے ملاقات کی اور حکومت بلوچستان کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا خصوصی پیغام پہنچایا صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے حکومت بلوچستان کی جانب سے چین میں حالیہ کرونا وائرس سے ہونے والے جانی و معاشی نقصانات پر ہمدردی و افسوس کا اظہار کیا۔

سردار یار محمد رند نے چینی سفیر کو بتایا کہ بلوچستان کی عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے دوست ملک کی عوام کے ساتھ ہیں کرونا وائرس سے چین میں ہونے والے جانی و معاشی نقصان پر شدید افسوس ہے پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال حیثیت رکھتی ہے جو ہمالیہ سے بلند اور چٹان سے مضبوط ہے دونوں ممالک دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں اور خلوص و احترام پر مبنی یہ تعلقات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

اس موقع پر پاکستان میں تعینات چین کے سفیر مسٹر یاو چنگ نے حکومت بلوچستان اور بلوچستان کی عوام کا شکریہ کرتے ہوئے نیک خواہشات پر مسرت کا اظہار کیا ملاقات میں صوبائی سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن غلام علی بلوچ اور صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم غلزئی بھی موجود بھی موجود تھے۔