اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ وزیراعظم نواز شریف استعفیٰ دیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے معاشی اہداف کو حاصل کررہا ہے،فی کس آمدنی میں ساڑھے 3 فیصد اضافہ ہوا ہے، مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال 16 فی صد غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی۔ ملکی آمدنی 16 فی صد جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر14 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئے ہیں۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14کروڑ 30 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں جن میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 9کروڑ 30 لاکھ ڈالر جبکہ شیڈولڈ بینکوں کے پاس 5 ارب ڈالر کے ذخائر ہیں۔ حکومت نے رواں سال کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کررکھا ہے جو جلد ہی حاصل کرلیا جائے گا۔
سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں من حیث القوم ملک کی ترقی کے لئے بہت کام کرنا ہے۔ اگرکوئی آئین اور قانون میں رہ کربات کرنا چاہتا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں اور بات چیت کے لئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے، موجودہ صورت حال پرحکومت نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات ہوئے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیاجائے گا۔