|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2020

کوئٹہ: بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں فوت شدہ اور عرصہ دراز سے غیر حاضر ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا انکشاف پر ہوا ہے جس پر سربراہ بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے جبکہ نامعلوم ملازمین کی برطرفی کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

ایم ایس بی ایم سی ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ پانچ نرسیں اور ایک آیا عرصہ دراز سے غیر حاضر ہیں ان کا وجود بھی ہے یا نہیں انکوائری کررہے ہیں آبشار ایک سوئپر کئی سال پہلے فوت ہوگیا تاہم اس کی تنخواہ جاری رہی، تنخواہ کون لیتا رہا تحقیقات کررہے ہیں فوری طور پر بوگس تنخواہیں بند کردی گئی ہیں افسوس ہوتا ہے کہ سرکاری وسائل کی لوٹ مار کی گئی تاہم پر عزم ہیں کہ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے تک لائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نرسنگ میرج ہاسٹل میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے تاہم ایسی شکایات مل رہی ہیں کہ یہاں غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے میرج ہاسٹل میں رہائش پزیر شادی شدہ نرسز کو نکاح نامے اور الاٹمنٹ آرڈر جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر سرکاری شعبہ صحت کی بہتری اور عوام کو سرکاری سطح پر معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔