کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے گورنر ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سے ملاقات کرنے آیا ہوں، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔
وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جو اقدامات کئے جانے ہیں وہ وفاقی اور صوبائی حکومت کر رہی ہے اور جن چیزوں کی درخواست کی گئی ہے اس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے، وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ اس وباؤ سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے اگر کھانسی نزلہ یا زکام کی شکایت ہوں تو فوری ٹیسٹ کروائیں ضروری نہیں کہ وائرس لگ جانے کے لئے ایران یا چین کا دورہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب سے پوچھیں کس نے ان سے وعدہ کیا ہے وفاقی حکومت نے مولاناسے کوئی وعدہ نہیں کیا,وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، دنیا اب پاکستان کو پرامن خطہ گردان رہی ہے جبکہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات چراغ کے آخری شعلے ہیں۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ ایران بارڈر پر زائرین کی طبی معائنے سے تمام سہولیات بروئے کار لائے جائیں جبکہ وزیراعظم از خود کورونا سے متعلقہ اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں,وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ خطے میں اس وقت پوزیشن دوسروں ممالک کی نسبت بہتر ہے۔