|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری،تحصیل دالبندین کے لیبر سیکرٹری نصیر احمد ریکی سابق ضلعی سیکرٹری اطلاعات اسد سفیر شاہوانی اور ضلعی کونسلرسراج احمد لہڑی نے گذشتہ روز علمدار روڈ مری آباد میں رات کے اندھیرے میں نامعلوم افراد کی جانب سے پارٹی کے بزرگ رہنماء کیپٹن محمد علی ہزاد کے گھر کے دروازے کو جلانے والے واقعے کے خلاف پارٹی رہنماء کے گھر جاکر اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اور پارٹی کی جانب سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اس واقعے کو غیر سیاسی و غیر جمہوری بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے گھروں پر ایسے بزدلانہ واقعات کی کوئی بھی ذی شعور انسان مذمت کئے بغیر نہیں رہ سکتا ہے ایسے گھناؤنی سازشوں اور منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز سیاسی رہنماؤں کی صوبے کی قوم وطن دوستانہ سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے راستے سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے۔

کیپٹن محمد علی ہزاد کا شمار کوئٹہ کے پرانے سیاسی کارکنوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ صوبے میں آباد بلوچ پشتون ہزارہ آباد کار اور دیگر کچلے ہوئے طبقات اور عوام کے حقوق کیلئے ایک طویل ترین جدوجہد کرنے کا سفر طے کررکھا ہے بہت سے عناصر پارٹی کی ہزارہ قوم میں بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عوامی پذیرائی سے خائف ہوکر انھیں مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن میں بی این پی کی مقبولیت ہضم نہیں ہوپارہا ہے۔

جس کی وجہ سے وہ اپنے منفی اور سازشی ہتھکنڈوں میں مصروف عمل ہوکر خوف وہراس دھونس دھمکیوں چادر اور چار دیواری کی تقدس کی پامالی اور صوبے کے مثبت روایات کو پامال کرنے پر تلے ہوئے اپنے گھناؤنی مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں اور بی این پی کی روشن خیال ترقی پسند قوم وطن دوستی کی جدوجہد اور تحریک کا سیاسی اور جمہوری انداز میں راستہ روکنے کے بجائے بزدلانہ فعل کے ذریعے سے اپنے من پسند کے نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اور معاشرے میں انتشار خوف و ہراس سیاسی جمود پیدا کرکے ان بالادست قوتوں کی منصوبوں کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے صوبے کے آباد اقوام بلوچ پشتون ہزارہ آباد کار اور دیگر کے بنیادی حقوق کو سلب کرکے ہمارے ساحل وسائل اور قدرتی دولت پر اپنا دائمی بالادستی اور کنٹرول برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور وہ سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں بلوچ پشتون ہزارہ آباد کاروں کی اتحاد و اتفاق صوبے کے قومی مفادات کیلئے یکجہتی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ہزارہ قوم کی پارٹی میں شمولیت سے پریشان ہیں بی این پی اس بزدلانہ واقعے پر کسی بھی صورت میں خاموشی اختیار نہیں کریگی۔

اور اپنے پارٹی کے سیاسی رہنماء اور کارکنوں کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا پالیسیوں پر کسی بھی صورت میں خاموشی اختیار نہیں کرینگے اور ہر سطح پر اپنے رہنماؤں کارکنوں کی سیاسی اور جمہوری انداز میں ان کے بنیادی حقوق کا دفاع کرینگے انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔