پشاور: افغانستان سے آنے والے عسکریت پسندوں نے ضلاع دیر بالا میں طالبان مخالف ملیشیا کے ایک مقامی سربراہ کے گھر پر دھاوا بولتے ہوئے چار افراد کو قتل کر دیا۔
سرکاری حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ واقعہ پشاور کے شمال میں 250 کلومیٹر دور دیر کے ایک گاؤں تنائی ڈیرہ میں جمعہ کو رات گئے پیش آیا۔
مقامی پولیس افسر گل فضل نے اے ایف پی کو بتایا کہ افغانستان سے آئے طالبان شدت پسندوں نے نظمین خان کے گھر پر دھاوا بولتے ہوئے خان ، ان کے دو بیٹوں اور ایک بھتیجے کو قتل کر دیا۔
فضل کے مطابق حملے میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے خاتون کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سینئر پولیس افسر جاوید عزیز نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوج اور مقامی ملیشیا نے جوابی حملے میں دو جنگجوؤں کو ما ر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ طالبان مخالف ملیشیا اور فوج حملہ آوروں کو تلاش کر رہے ہیں۔