|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2020

تربت: آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کااجلاس کنوینر خلیل تگرانی کی صدارت میں بی این پی عوامی کے الیکشن سیل میں منعقدہوا، اجلاس کی کاروائی ڈپٹی کنوینیر ظریف زدگ نے چلائی۔

اجلاس میں کیچ کی بگڑتی ہوئی حالات، کرونا وائرس کی تیزی کے ساتھ پھیلاؤ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رقوم کے وصولی کا طریقہ کار، کیچ کی صفائی ستھرائی و بلدیہ کی کارکردگی، سٹی پروجیکٹ کی سیکنڈ فیز کی آل پارٹیز کو بریفنگ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ و بلنگ کی آڑ میں عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے و دیگر اہم ایجنڈے زیر بحث رہے اجلاس میں علاقائی و عوامی ایشوز کو مدنظر رکھتے ہوئے 7رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو کمشنر مکران، ڈی سی کیچ، ایس ایس پی کیچ اور بالخصوص واپڈا افسران سے ملاقاتیں کرے گی،کمیٹی کے سربراہ کنوینر خلیل تگرانی ہوں گے۔

جبکہ ممبران نواب شمبے زئی، محمدجان دشتی،خان محمدجان، سیدجان گچکی، عومرہوت، غلام یاسین بلوچ اورعبدالحفیظ ہوں گے، اجلاس میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرگہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاگیاکہ پولیس نفری کی کمی کابہانہ کرکے خودکوبری الذمہ قرار نہیں دے سکتی، نفری غیرضروری طورپر سی پیک شاہراہ پر قائم ناکوں پرتعینات کردی گئی ہے۔

جن کا امن وامان وجرائم کے تدارک سے کوئی تعلق نہیں ہوتا بلکہ یہ کمائی کا ذریعہ ہیں، اجلاس میں کہاگیاکہ امن وامان کے حوالے سے آل پارٹیزنے اپنا کردارنہایت سنجیدگی کے ساتھ نبھایا جس کے مثبت اثرات بھی برآمدہوئے آل پارٹیز اپنایہ کردار اسی طرح جاری رکھے گی اورعوامی مفادات پرکسی قسم کی مصلحت پسندی کاشکارنہیں ہوگی، بجلی کی غیرضروری لوڈشیڈنگ اور ناجائز واووربلنگ پر آل پارٹیزنے اپنی تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ بل کی آڑ میں پورے ٹرانسفارمر کی بجلی کاٹنا اور کسی علاقہ کالنک کٹ کراورپورے فیڈرکی بجلی بندکرنامعمول بنادی گئی ہے۔

کیسکو افسران کسی کی بات سننا گوارانہیں کرتے، آئے روزکسی نہ کسی علاقہ کے عوام کومختلف حیلوں بہانوں سے تنگ کرنا معمول بن چکاہے، میری قلات فیڈر سمیت دیگر فیڈروں پر میٹرنصب کرنے سے قبل لوگوں کے کنکشن کاٹے جارہے ہیں، آل پارٹیز کیسکو افسران کوکسی صورت من مانی کرنے نہیں دے گی، سیاسی جماعتیں عوام کے نمائندے ہوتے ہیں عوامی مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کے سامنے سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑے ہوں گے۔

اجلاس میں کہاگیاکہ کرونا وائرس بڑی تیزی کے ساتھ ملک میں پھیل رہاہے جو تشویش کاباعث ہے اس سلسلے میں حکومت غیرسنجیدگی کامظاہرہ کررہی ہے،اجلاس میں کہاگیاکہ آل پارٹیزکی تشکیل کردہ کمیٹی کمشنرمکران سے سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ سیکنڈفیزکے حوالے سے ملاقات کرکے ان کے ذریعے پروجیکٹ افسران سے بریفنگ لے گی تاکہ سیاسی جماعتوں اور عوام کوپتہ چل سکے کہ سیکنڈفیز میں شہرکی ترقی وعوامی فلاح کے کون سے منصوبے شامل ہیں۔

اجلاس میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے رقوم کی وصولی کے سلسلے میں مستحق خواتین کی پریشانیوں ومشکلات پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاگیا کہ مستحق خواتین کواپنے پیسوں کے حصول کیلئے بڑی مشکلات وذہنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے ان کیلئے شہرمیں کسی قسم کی کوئی سہولت دستیاب نہیں، کوئی میکانزم اورطریقہ کارنہ ہونے کی وجہ سے ضلع بھرکی خواتین ہزاروں کی تعدادمیں شہر آتی ہیں۔

جس سے ان کی مشکلات مزیدبڑھ جاتی ہیں اس حوالے سے بی آئی ایس پی کو بہترمیکانزم بنانے کی طرف توجہ دینی چاہیے اور ایک ساتھ ضلع بھرسے مستحقین کے بجائے ہرہفتہ ایک تحصیل کے مستحقین کے لئے مختص کیاجائے،اجلاس میں کہاگیاکہ شہر میں صفائی وستھرائی کی صورتحال غیرتسلی بخش ہے۔

اس سلسلے میں بلدیہ کواپنی کارکردگی مزیدبہتربنانی ہوگی،اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمانواب شمبے زئی، نیشنل پارٹی کے رہنمامحمدجان دشتی، فضل کریم، پی این پی عوامی کے رہنما خان محمدجان، بی این پی کے سیدجان گچکی، بی این پی عوامی کے کمال لعل جان، بابل ابراہیم، ظفرہوت، جے یوآئی کے رہنما محمد علی شیرانی، عبدالقدیرمینگل، جماعت اسلامی کے رہنما شاہ جہان بلوچ، عمرفاروق، کے سی ایس کے عومرہوت ودیگر شریک تھے۔