بولی وڈ کی معروف اداکار بپاشا باسو نے کہا ہے کہ وہ آئندہ کبھی بھی ہدایتکار و فلمساز ساجد خان کی کسی فلم میں کام نہیں کریں گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بپاشا نے کہا کہ ساجد خان کی فلمہمشکلز میں کام کرنا ان کی فنی زندگی کا بدترین تجربہ ثابت ہوا، اسلئے انہوں نے اس فلم کی تشہیر میں حصہ بھی نہیں لیا۔
اداکار نے کہا کہ انہوں نے فلم کی ریلیز سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ وہ اس کے اینڈ سے مطمئن نہیں ہیں، اسلئے انہوں نے خود کو اس فلم کی تشہیری مہم سے دور رکھا۔
اداکار نے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ‘ہمشکلز’ کی تشہیر سے دور رہنے کی وجہ سے ساجد خان اور بپاشا باسو میں سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ‘ہمشکلز’ کو فلمی ناقدین نے بدترین فلم قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا جبکہ اس کے باوجود یہ فلم باکس آفس پر سو کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔
بپاشا باسو کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ساجد خان نے دھوکہ کیا ‘ہمشکلز’ میں ان کا کردار صرف چھ منٹ پر محیط تھا جو کہ ان کو بتائے گئے ٹائم سے بہت کم تھا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ‘تھری ڈی کریچر’میں ان کا کردار شائقین کوپسند آئے گا، یہ بولی وڈ کی تاریخ میں ایک الگ قسم کی ہارر فلم ثابت ہوگی۔
فلم کی کہانی ایک تفریحی مقام کی مالکہ بپاشا کے گرد گھومتی ہے، وہ جنگل کے بیچ میں ایک نئے تفریحی مقام کا افتتاح کرتی ہیں اور پھر وہاں مہمانوں کی آمد شروع ہو جاتی ہے۔
مگر سانولی سلونی اداکار کی توقعات اس وقت ملیامیٹ ہوجاتی ہیں جب اس تفریحی مقام پر ہونے والی پُر شور سرگرمیاں قریب ہی سوئی ہوئی ایک خونخوار بلا کو بیدار کر دیتی ہیں۔
پاکستانی اداکار عمران عباس اس فلم میں بپاشا کے ہمراہ نظر آئیں گے جسے بارہ ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
بشکریہ ہندوستان ٹائمز