|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2014

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے دی گئی آزادی مارچ کی کال پر لاکھوں افراد 14 اگست کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت کے خلاف ڈیرے ڈالنے کو تیار نظر آرہے ہیں۔ جہاں ایک طرف دونوں فریق مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف اس سوال کا جواب کہ اس مارچ کا نتیجہ کیا نکلے گا، ابھی تک قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔ اس وقت جبکہ آزادی مارچ میں صرف 5 دن ہی باقی رہ گئے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایسی سیاسی جماعتیں جو موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے کوششیں کر رہی ہیں، اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہو سکیں گی؟ کیا شہر اسلام آباد کے در و دیوار ایک طویل دھرنا دیکھیں گے، یا پھر جلد ہی مسئلے کا متفقہ حل سامنے آجائے گا؟ ذیل میں آج کے دن کی کچھ سیاسی سرگرمیاں اور بیانات پیش کیے جا رہے ہیں، جنہیں روزانہ کی بنیاد پر 14 اگست تک اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا۔
طاہر القادری عوام سے مخلص نہیں: رانا مشہود
وزیر قانون پنجان رانا مشہود کا کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری قوم سے مخلص نہیں ہیں۔ ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان میں شام اور عراق جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو نو گو ایریا بنا دیا گیا۔ رانا مشہود نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عوام کو ڈھال بنا رکھا ہے۔
پی ٹی آئی کا دس حلقوں میں گنتی کرانے کے وزیراعظم کے بیان کی تردید
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے سیکیورٹی کانفرنس پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘کانفرنس میں سیاست پر بات حیران کن ہے’۔ ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق شیریں مزاری نے دس حلقوں میں گنتی کی بات کو عمران خان سے منسوب کرنے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنےمطالبات 14 اگست کےدھرنےمیں پیش کریں گے۔
عمران خان کا دس حلقوں میں گنتی کا مطالبہ تسلیم کرتے ہیں:نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےسراج الحق سے دس حلقوں میں ری پولنگ کرانے کا کہا ہے، ہم ان کا یہ مطالبہ بھی تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔ ہفتے کو قومی سلامتی کانفرنس کے آغاز سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم کسی کی بھی شکایات سننے کو تیار ہیں، ‘عمران خان مطالبات پر بات کریں، ہم خوش آمدید کہیں گے’۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےسراج الحق سے دس حلقوں میں ری پولنگ کرانے کا کہا ہے، ہم ان کا یہ مطالبہ بھی تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔ ‘جمہوریت میں مذاکرات سے ہی راستے نکلتے ہیں’۔
پنجاب میں پی اے ٹی کارکنوں اور پولیس میں تازہ جھڑپیں
ضلع ملتان، بھکر میں پولیس کے ساتھ تصادم میں زخمی ہونے والا پاکستان عوامی تحریک کا ایک کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پنجاب میں پی اے ٹی کے کارکنوں سے جھڑپوں میں کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ادھر، ہفتہ کو لاہور میں پی اے ٹی کے کارکنوں نے تین پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ انہوں نے یرغمال پولیس اہلکاروں کے بدلے اپنے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
جہلم میں 15 پولیس اہلکار یرغمال
جہلم کے علاقے پنڈ دادن خان میں پی اے اٹی کے کارکنوں نے جھڑپ کے بعد پندرہ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ کارکنوں نے نقل و حرکت روکنے کے لیے علاقے میں لگائی گئی رکاوٹوں کو توڑنے کے بعد ان اہلکاروں کو یرغمال بنایا۔ اس موقع پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس سے کچھ مظاہرین بے ہوش ہو گئے۔ پولیس اور مظاہرین میں وقفے وقفے سے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
گوجرانوالہ میں 55 پولیس اہلکار زخمی
گوجرانوالہ میں پاکستان عوامی تحریک کے قافلے یوم شہداء میں شرکت کے لیے سادھوکی میں پولیس کے ساتھ تصادم کے بعد لاہور کی جانب روانہ ہو گئے۔ قافلے اپنے پیچھے جلتی ہوئی موٹر سائیکلیں ،ٹوٹی ہوئی گاڑیاں اور زخمی پولیس اہلکاروں کو چھوڑ گئے ۔