تربت: ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ، الندور میں منشیات کے خلاف خواتین احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے۔خواتین نے بچوں کے ہمراہ علاقے میں منشیات فروشی اور ساقی خانوں کے خلاف جمعرات کو احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف راستوں سے گزری جبکہ اس دوران منشیات فروشی کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے مردوں نے بھی کئی مرتبہ منشیات کیخلاف ریلی و مظاہروں کا انعقاد کیا لیکن انتظامیہ سمیت دیگر ادارے اس جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں۔
آج ہم مجبوراً اپنے گھروں سے نکلے ہیں لہٰذا ڈی سی کیچ اور کمشنر مکران کو چاہیے کہ وہ منشیات کیخلاف اقدامات اٹھائیں اور ہماری نسل کو منشیات سے بچائیں۔مظاہرے میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ منشیات ایک ناسور ہے جس نے سماج کو تباہ کیا ہے منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات اٹھاکر نوجوان نسل اور ہمارے بچوں کو اس ناسور کی جانب گامزن ہونے سے روکا جائے۔
خیال رہے بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح بلیدہ سمیت کیچ میں منشیات کی خرید و فروخت بڑی آسانی سے کی جاتی ہے جس کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد منشیات استعمال کرتی ہے جبکہ نوجوان سب سے زیادہ منشیات سے متاثر ہیں۔