|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2014

لاہور : گزشتہ روز لاہور میں اپنے کارکنوں کو انقلاب کے بغیر واپس آنے کا کہنے والے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے میڈیا پر حقائق مسخ کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب کے بغیر واپس آنے والے کو ‘شہید’ کرنے کی بات انہوں نے مذاق میں اپنے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے لیے کہی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز “یوم شہداء” پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا تھا کہ جو کوئی بھی انقلاب کے بغیرواپس آئے اسے نہ چھوڑیں۔ پی اے ٹی سربراہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی کارکن کے لیے یہ نہیں کہا بلکہ انقلاب کے بغیر واپس آنے پر شہید کرنے والی بات انہوں نے اپنے اورعمران خان کے لیے کہی تھی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حقائق کومسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ اخبارات میں ان کے بیان توڑ مروڑ کر پیش کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سچ لکھنے والے صحافیوں کو نوکری سےنکال دیا گیا اور حکومت ڈی جی پی آر کے ذریعے صحافیوں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ پی اے ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اور میری اپیل پر لوگ قربانیاں دے رہے ہیں۔