|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2020

خضدار:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی میر محمد اکبر مینگل نے کہا ہے کہ بی این پی اجتماعی عوامی ترقی چاہتی ہے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی ہماری کوشش ہے کہ حلقہ انتخاب میں اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو اولیت دیں حلقہ انتخاب میں صحت،تعلیم،مواصلات کے حوالے سے اجتماعی نوعیت کے منصوبوں پر کام جاری ہیں ان کی تکمیل سے تعلیم،صحت کے شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹر کالج وڈھ کی بلڈنگ کی تعمیراتی کام سمیت مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اسکیمات کا معائینہ کرنے کے موقع پر کیا محکمہ بی اینڈ آر کے انجینئر نصر اللہ مینگل اور انجینئر عبدالوہاب لہڑی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انٹر کالج وڈھ کے بلڈنگ کی تعمیر کا کام بلکل آخری مراحل میں ہے اس موقع پر میر محمد اکبر مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹر کالج وڈھ کے بلڈنگ کی تعمیر سے یہاں کا ایک دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل ہو جائے گا۔

طلباء و پروفیسر صاحبان کو تعلیمی حوالے سے جو مشکلات درپیش تھے وہ حل ہو جائیں گے میر محمد اکبر مینگل کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو اولیت دی ہے کیونکہ اس سے پورا اہل علاقہ مستفید ہو جاتا ہے وڈھ کے مختلف علاقوں میں اپنی ترقیاتی فنڈز سے زیر تعمیر سکولوں کا بھی رکن صوبائی اسمبلی نے معائینہ کیا اور جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو وہ تمام تعلیمی سہولیات یہی میسر آ سکیں جو بڑے بڑے شہروں کے طلباء و طالبات کو حاصل ہیں سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر سے طلباء و طالبات کو شدید گرمی اور سردی دونوں موسموں نے بلاکسی تکلیف کے تعلیم حاصل کرنے کا مواقع میسر ہو گا۔