|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2020

تربت: صوبائی وزیرخزانہ میرظہوراحمدبلیدی نے کہاہے کہ حکومت بلوچستان ذکری کمیونٹی اور زیارت کمیٹی کے کرونا وائرس کے وبا پھیلنے کو مد نظر رکھتے ہوئے مذہبی اجتماع کی ملتوی کرنے کے اقدام کو سراہتی ہے، صوبائی حکومت امید کرتی ہے کہ مفاد عامہ میں تمام مذاہب اور فرقے اس وباء کے تدارک کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،دریں اثناء کمشنر مکران ڈویژن طارق قمر نے کہاہے۔

کہ محکمہ داخلہ بلوچستان کے حکم پر گوادر تربت اور پنجگور میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، مکران کے تینوں اضلاع میں جلسہ جلوس اور دس افرادکے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی،گوادر تربت اور پنجگور میں کھیلوں کے مقابلوں پر بھی ایک ماہ کی پابندی عائدہوگی،تعلیمی اجتماعات سمیت شادی اور تفریحی مقامات جہاں پر دس افراد جمع ہوں پابندی ہوگی۔

شب برات کے موقع پر بلوچستان بھر اور صوبہ سندھ سے ذکری زائرین کی تربت آمد پر بھی پابندی عائد کردی گئی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز فوری کارروائی کریں،اس سلسلے میں زیارت کمیٹی کے چیئرمین اوراراکین نے حکومتی فیصلے کی روشنی میں اس سال زیارت شریف پر رسم زیارت ملتوی کردیاہے۔