خضدار: رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ جس عزم و مقصد کو لیکر پارلیمنٹ تک پہنچے ہیں وہ عوام کی خدمت،عوام کو خوشحالی اور عوام کو فلاح وبہبود کی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے ہے، دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے شب و روز یہی کوششو ں اور جستجو میں لگے رہتے ہیں کہ عوام کو سہولت ملے ان کے مشکلات میں کمی آئے۔
ملنے والے فنڈز کو پورے حلقے میں منصفانہ انداز میں تقسیم کرکے عوام کے بنیادی مسائل کو کم کرنے کی کوششیں کی ہے مستقبل میں بھی اسی وژن پر کام کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ اسد آباد میں جاری ترقیاتی اسکیم کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میر نورمحمد محمد حسنی، عبدالقدوس محمد حسنی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ معیار و میرٹ کے تحت اسکیمات کو پائیہ تکمیل کو پہنچانا میرا مشن ہے اوراس سلسلے میں وقتاً فوقتاً میں از خود جاری ترقیاتی اسکیمات کا معائنہ اور ان کی نگرانی کرتا ہوں جو پیسہ عوام کا ہے وہ عوام کے اوپر صحیح معنوں میں خرچ ہونی چاہیے۔ وسیع وعریض حلقے میں عوام کو پینے کے پانی کا مسئلہ درپیش تھا اس حوالے سے گزشتہ اور رواں مالی سال کے دوران پینے کے پانی کے اسکیمات کو خصوصی اہمیت دی گئی اور عوام کوپینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
اگلے سال دیگر مسائل پر اپنی توجہ مبذول کرائیں گے رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھا کہ حلقے میں عوامی اسکیمات کے سلسلے میں عوام کی تجاویز کو خصوصی اہمیت دیکر ان کی مرضی و منشاء کے مطابق عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کریں گے۔جو کچھ ہمیں فنڈز ملیں گے وہ سب کچھ ہی عوام کے سامنے رکھ کر عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر خرچ کریں گے۔