|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2014

صدرِمملکت نے ایوانِ صدر میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج جوانمردی کے ساتھ وطن کا دفاع کررہی ہے۔ اسلام آباد: صدر پاکستان ممنون حسین نے ایوانِ صدر میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور فوج بہادری اور جوانمردی کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کررہی ہے، جس پر اسے سلام پیش کرنا چاہیٔے۔ قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عظیم قوم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم آج 68 واں یوم آزادی ان حالات میں منا رہے ہیں جبکہ ملک کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سازش کے تحت پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے لیے کام کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ساری صورتحال اس وقت سنجیدہ غور فکر کا تقاضہ کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان آئی ڈی پیز کو یاد رکھنا چاہیٔے جو آپریشن ضربِ عضب کی وجہ سے اپنے گھروں سے نقلِ مکانی کرچکے ہیں۔ اس سے قبل ایوانِ صدر میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔