|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2014

کوئٹہ: آج صبح ہزار گنجی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوا، جس سے فرنٹیئر کور کا ایک جوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا، جب سیکیورٹی فورسز کا ایک کانوائے شریف آباد چوک کے قریب اپنے معمول کے گشت پر تھا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کے ساتھ ایک سیکیورٹی اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے سیکیورٹی فورسز کے کانوائے کو نشانہ بنانے کے لیے ایک ریموٹ کنٹرول بم سڑک کے کنارےکچرے کے ڈھیر میں رکھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا ’’جب فورسز کا کانوائے اس مقام پر پہنچا تو ایک زبردست دھماکا ہوا۔‘‘ نشانہ بننے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اس دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم اس دھماکے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، اس واقعے سے ایک دن پہلے کوئٹہ میں ایک بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے اندر سیکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر عسکریت پسندوں کے حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ پاکستان کا یہ صوبہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کشیدگی اور بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ قتل و غارتگری سے دوچار ہے۔