تربت: مندمیں عوام کا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف گریڈ اسٹیشن کا گھیراؤ، تربت سمیت مکران بھر میں بجلی کی سپلائی کئی گھنٹوں تک تعطل کا شکار ہوگئی، مظاہرین کا ایس ای کیسکو کے خلاف نعرہ بازی اور ان کے فوری تبادلے کا مطالبہ۔ کئی گھنٹوں کی کامیاب مذاکرات کے بعد بجلی بحال کردی گئی۔
مند میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے عوام نے ہفتے کے روز گریڈ اسٹیشن کا گھراؤ کر کے ایران سے مکران کو مند کے راستے سپلائی کی جارہی بجلی بند کرادی جس سے تربت سمیت پورے مکران میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی سپلائی تعطل کاشکا ررہی۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ کیسکو کی جانب سے بلا وجہ لوڈ شیڈنگ کر کے عوام کو بے جا تنگ کیا جارہا ہے، دن میں 12سے 15گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کسی صورت قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب سے موجودہ ایس ای کیسکو مکران سرکل نے چارج سنبھالا ہے جان بوجھ کر عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا، ایس ای کی نااہلی کے سبب لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ کیسکو کی جانب سے انہیں بل نہیں دیا جارہا مگر ان سے ماہانہ بل جمع کرنے کابے جا مطالبہ کیا جاتا ہے جو حیران کن ہے،کیسکو اپنی نااہلی چھپانے کی خاطر لوڈ شیڈنگ کے زریعے عوام کو ازیت دینے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک جانب کرونا وائرس کے سبب بارڈر کی بندش سے معاشی بحران جنم لے چکا ہے اور لوگ مجبورا راشن وغیرہ زخیرہ کررہے ہیں مگر کیسکو کی جانب سے بلاوجہ لوڈ شیڈنگ کے زریعے فریج میں زخیرہ چیزیں خراب ہورہی ہیں اگر مند میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سابقہ پوزیشن پر بحال نہیں کیاگیا تو احتجاج ختم نہیں کریں گے۔