کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل بشیر احمد محمد ولد ہاشم لاسی اور عبدالمجید ولد رمضان لاسی موٹر سائیکل پر معمول کا گشت کر رہے تھے کہ لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر حب میں ساکران روڈ پرنا معلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔فائرنگ کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار موقع پر ہی دم دوڑ گئے ۔ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو فائرنگ کے بعد فرار ہو گئےْ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور جاں بحق پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا ۔پولیس کے مطابق جاں بحق پولیس اہلکار بشیر احمد کا تعلق لسبیلہ جبکہ عبدالمجید کا تعلق بیلہ کے علاقے لہڑی سے تھاْ ۔دوہرے قتل کی اس واردات کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔