|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2020

ڈھاڈر: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرسول ہسپتال ڈھاڈر میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے قوم کے مسیحاؤں (ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس،نرسز)کے اعزاز میں بولان پولیس کی جانب سے گارڈآف آنر پیش کیا گیا۔

ایس پی بولان سید جاوید اقبال غرشین،دیگر پولیس آفیسران اور پریڈ کے چا ق چوبند دستے نے سلامی پیش کی اس موقع پر ڈی ایچ او بولان ڈاکٹر لیاقت علی رند،ایم ایس ڈاکٹر محمد اکبر رڈ پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے ضلعی چئیرمین بشیر احمد چھلگری،ضلعی صدر بشکل سومرو،ڈھاڈر پریس کلب کے صدر محمد عارف بنگلزئی،ڈاکٹر شیر جمالی،پیرامیڈیکس کے رہنماؤں اختر رند،نذیر احمد بھنگرکے علاوہ نرسز اور پیرا میڈیکس کثیر تعداد میں موجود تھے۔

ایس پی سید جاوید اقبال غرشین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس اور نرسز پر فخر ہے کرونا وائرس کے خلاف جس طرح آپ نے صف اول کا کردار ادا کرکے جان جھوکوں میں ڈالی ہے شاید کوئی ایسا کرتا لیکن سلام ہے آپ لوگوں کے قومی جزبے کو کہ آپ خدمت انسانیت کے ناطے فرنٹ مین کا کردار ادا کرکے کرونا وائرس کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

اس جنگ میں پولیس بھی اپکے شانہ بشانہ ہے پولیس کے جوان بھی اس وائرس کے خلاف قومی کاز سمجھ کر آپ کے ساتھ ہیں ڈی ایچ او ڈاکٹر لیاقت رند نے کہا کہ عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اس موذی وائرس کے خلاف ہم باہر آپکی حفاظت کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں اور انشاء قوم کی دعاؤں کی بدولت بہت جلد اس وائرس کو شکست دینگے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے گھروں میں رہیں۔

ایم ایس ڈاکٹر محمد اکبر رڈ کا کہنا تھا کہ سول ہسپتال ڈھاڈر میں آئسولیشن وارڈکا قیام بھی عمل میں لا یا گیا ہے ہم چوبیس گھنٹے اس وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں سول ہسپتال ڈھاڈرمیں ڈاکٹرز پیرا میڈیکس عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر وقت موجود رہتے ہیں۔