ہمبنٹوٹا: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلے میچ میں آئی لینڈرز نے گرین شرٹس کو جیت کے لئے 276 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا کے مہندا راجہ پاکسے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا میچ بارش کے باعث تھوڑا تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان کو ہہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکا کو پہلا نقصان تلکارتنے دلشن کی صورت میں ہوا جب محمد عرفان نے انھیں 16 کے مجموعی اسکور کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا لیکن 6 اوورز کا کھیل مکمل ہونے کے بعد ایک بار پھر میچ بارش کے باعث روک دیا گیا اور جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو امپائرز نے میچ کی ایک اننگ کو 45 اوورز تک محدود کردیا۔ سری لنکا نے مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان اینجلو میتھیوز نے سب سے زیادہ 89 رنز بنائے جب کہ مہیلا جے وردنے 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اشھان پرینجن نے 15 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ کمارا سنگا کار نے 23 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، محمد عرفان نے 2 جب کہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 3 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہیں گے لیکن آج کے میچ میں سعید اجمل کی کمی کو محسوس کریں گے وہ ایک میچ وننگ بولر ہے۔ پاکستانی ٹیم میں زخمی ہونے والے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کی ایک سال بعد واپسی ہوئی ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں زخمی ہونے والے جنید خان بھی فٹ ہو کر پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔
سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے بالنگ کا ہی فیصلہ کرتے، پہلے بیٹنگ کر کے اسکور بورڈ پر 250 یا اس سے زیادہ اسکور کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔