|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2014

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ اگر عمران خان نے انہیں اپنی شادی میں گواہ بننے کے لئے بلایا تو اس کے لئے تیار ہیں۔ لاہور میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران  دھرنوں سےمتعلق  پیدا ہونے والی صورت حال اور تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی جانب سے جمع کرائے گئے استعفوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے استعفے جمع کرایئے ہیں اگر یہ استعفے منظور ہوگئے تو اس سے قومی بحران میں اضافہ ہوجائے گا۔  دونوں فریقین ہمارے ساتھ  رابطے میں ہیں، دونوں جمہوریت اور عوام کی بھلائی بات کرتے ہیں۔  ہم سمجھتے ہیں کہ ہم دونوں کو باعزت راستے میں داخل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ملک کے 18 کروڑ عوان کے علاوہ دوست ممالک کی بھی خواہش ہے کہ پاکستان میں جاری بحران ختم ہوجائے۔ ان کی دونوں فریقوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی انا کے خول سے باہر آکر باعزت راستے کی تلاش کریں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کے استفعوں کی منظوری کا معاملہ چند ضروری معاملات کا متقاضی ہوتا ہے جس میں چند روز لگ جاتے ہیں تاہم امیر جماعت اسلامی نے ان سے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے کا معاملے میں تاخیر کرنے کی درخواست کی۔ اس معاملے میں وہ جس قدر ہوسکتا ہے کریں گے، انہیں اللہ تبارک و تعالیٰ کے بعد سراج الحق اور دیگر ساتھیوں سے امید ہے کہ جلد از جلد اس معاملے کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئےگا۔ عمران خان کی شادی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے شادی میں گواہ بننے کے لئے بلایا تو وہ ضرور جائیں گے جبکہ  سراج الحق کا کہنا تھا کہ نفرت کے ماحول میں شادی کی بات کرنابہت مثبت اشارہ ہے۔