|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2014

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی طرف اٹھنے والے ہر قدم کو روکیں گے اور ہر قیمت پر آئین ، قانون اور جمہوریت کا دفاع کریں گے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم سے ملک میں جمہوری نظام چلنے کی امید پیدا ہوئی، سیاسی جماعتوں کا پارلیمان اور جمہوری نظام کے دفاع پر اتفاق خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ دستور پر بیٹھے ڈنڈا بردار لوگ 18 کروڑ عوام کی بےحرمتی کررہےہیں، کچھ لوگ نظام کولپیٹناچاہتےہیں، دھرنے والی جماعتیں نرم گفتاری سے کام لیں۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ہمارے لیے تمام ادارے محترم ہیں لیکن اگر ملک میں یہ روایت چل پڑی تو ملک کیسے چلے گا، اگر طالبان باجوڑ سے بندوق اٹھا کر چلے پڑے تو پھر کیا ہو گا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ  ہماری جماعت نے اور پارلیمنٹ میں موجود دیگر جماعتوں نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ جمہوریت کی طرف اٹھنے والے ہر ہاتھ کو  روکیں گے،  ہم ہر قیمت پر آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کا دفاع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک منتخب وزیراعظم کو پھانسی دی گئی اور دوسرے کو جلاوطن کیا گیا،  جمہوریت کے استحکام کے لئے بلوچستان میں جلسے اور ریلیاں نکالیں گے، جمہوری فرنٹ بنا کر مشترکہ جلسے کریں گے۔