ڈیرہ اللہ یار: آل پارٹیز ایکشن کمیٹی جعفرآباد کے چیئرمین میر غلام رسول لہڑی نے کہا ہے کہ اوچ گیس فیلڈ اور اوچ پاور پلانٹ کی ہٹ دھرمی سے جعفرآباد نصیرآباد اور صحبت پور کے عوام مفت بجلی گیس ودیگر سہولیات سے محروم ہیں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث بیروزگار ہونے والے ڈیلی ویجز مزدوروں کی بھی تاحال مالی معاونت کی جارہی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اوچ گیس فیلڈ ضلع ڈیرہ بگٹی سے گیس کی پیداوار جبکہ اوچ پاور پلانٹ ڈیرہ مراد جمالی سے بجلی کی پیداوار کرکے دیگر صوبوں کو گیس اور بجلی فروخت کرکے سالانہ اربوں روپے منافع کما رہی ہیں اوچ گیس فیلڈ اور اوچ پاور پلانٹ میں خالی آسامیوں پر بھی غیر مقامی افراد کو تعینات کیا جارہا ہے۔
نصیرآباد ڈویڑن کے اضلاع اور ڈیرہ بگٹی کے ہزاروں نوجوان بیروزگار ہیں انہیں ملازمت نہیں دی جارہی انکا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے پاس مقامی افراد کے لیے ویلفیئر فنڈز بھی موجود ہیں تاہم کمپنیوں کے حکام ویلفیئر فنڈز سے نہ ہی علاقے میں کوئی ترقیاتی کام کرواتے ہیں اور نہ ہی مقامی افراد کے فلاح و بہبود کے لیے کوئی اقدام اٹھایا ہے۔
میر غلام رسول لہڑی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث صوبے بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے ڈیلی ویجز مزدوروں کے لیے بھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا اب صوبائی حکومت این جی اوز کے ذریعے راشن ودیگر سامان ڈیلی ویجز کو فراہم کرنا چاہتی ہے جو کہ کسی صورت قبول نہیں ہے ماضی میں بھی این جی اوز نے متاثرین کی مدد کرنے کے بجائے کرپشن کی اور کسی بھی متاثر کو پھوٹی کوڑی بھی نصیب نہیں ہوئی این جی اوز کے لوگ راتوں رات ارب پتی بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متاثرین کی مالی معاونت کرے تو متاثرین کو ریلیف ملے گا انکا مزید کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ڈاکٹرز پیرا میڈیکس کیساتھ ساتھ پولیس کے جوان بھی صف اول کا کردار ادا کررہے ہیں صوبائی حکومت ڈاکٹرز پیرا میڈیکس کیساتھ ساتھ پولیس کے جوانوں کو بھی بونس اور ایڈوانس تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ پولیس کے جوانوں میں پائی جانے والی مایوسی ختم ہوسکے۔