کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)قلات، بختیار آباد،نصیرآباد، ڈیرہ بگٹی اور بولان میں ایف سی ، پولیس کی چیک پوسٹوں ،موبائل گاڑیوں پر بم دھماکوں اور تخریب کاری کے واقعات میں ایک شخص زخمی ہوگیا ،ریلوے پٹڑی اور بجلی کا ایک ٹاور دھماکوں سے تباہ ہوگیا جبکہ چار ٹرکوں کے ٹائر برسٹ کردیئے گئے ۔واقعات کے مطابق قلات سے تقریباً پانچ کلو میٹر دور سنگداس کی پہاڑی سے نامعلوم افرا دنے پولیس کی گشت پر معمور گاڑی پر راکٹ داغا جو کچھ فاصلے پر گر زور دار دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں گولی لگنے سے ایک شہری بابو شیر محمد ولد ملنگ دہوار سکنہ مغلزئی زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء بختیار آباد اور نصیرآباد کے درمیان ڈمبولی کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے پٹڑی کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔ دھماکے سے ریلوے پٹڑی کا دو فٹ حصہ تباہ ہوگیا۔جس کے بعد ٹرینوں کی آمدروفت معطل کردی گئی۔ سکھر ڈویژن سے ریلوے کے عملے کو پٹڑی کی مرمت کے لئے طلب کرلیا گیا۔اس سے قبل بختیار آباد میں ہی منگل کی صبح ریلوے پٹڑی پر مشتبہ چیز کی موجودگی کی اطلاع پر سبی سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا ۔ جس نے چیک کرنے کے بعد پٹڑی کو کلیئر قرار دیا ۔اس دوران ٹرینوں کی آمدروفت معطل ہوگئی تھی۔ ضلع بارکھان سے تیس کلو میٹر دور پہاڑی علاقے دوسرکہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے 132کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور نمبر127کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے سے ٹاور کی چار میں سے ٹانگیں تباہ ہوگئیں ۔واقعہ کے بعد بارکھان اور اس سے ملحقہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے بارکھان ہی میں نامعلوم افراد نے پہاڑی علاقے سے ایف سی قلعے کی جانب سے دو راکٹ داغے جو ایف سی قلعے کے قریب کھلے میدان میں گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر منگل کی شب ضلع نصیرآباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دیرہ مراد جمالی سے پینتالیس کلو میٹر دور تحصیل چھتر میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے ایف سی 87ونگ کی چیک پوسٹ پر راکٹ کاگولہ داغا اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ ایف سی کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چھتر میں ہی اتوار اور سوموار کی درمیانی شب پولیس تھانہ چھتر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے ایف سی قلعے کی جانب سے یکے بعد دیگرے دو راکٹ داغے جو زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈیرہ بگٹی ہی کی تحصیل سوئی میں نامعلوم افراد نے پاکستان ہاؤس کے قریب دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا ۔ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ضلع بولان میں گوگرت اور درینجن کے درمیان نامعلوم افراد نے سبی اور کوئٹہ جانے والے چارنجی ٹرکوں پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے چاروں ٹرکوں کے ٹائر برسٹ ہوگئے ۔ قریب موجود ایف سی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔