ڈھاڈر: ڈھاڈر سمیت ضلع کچھی میں لاک ڈاؤن جاری معمولات زندگی متاثر،کاروباری طبقہ،دیہاڑی دار،مزدور،اور ریڑھی بان اپنے خاندان کی کفالت کیلئے پریشان ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر مستحقین میں امدادی سامان اور راشن کی تقسیم کاری کا سلسلہ شروع کرے عوامی مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ضلع کچھی میں بھی کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کے طور پر لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے پچھلے دو ہفتوں سے شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں دیگر معاملات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔
وہاں غریب طبقہ،دیہاڑی دار،مزدور،ریڑھی بان اور کاروباری حضرات بھی شدید کرب میں اضطراب کی کیفیت سے دوچار ہیں اور دو وقت کی روٹی کمانا جوئے شیر لانے کے مترادف بنتا جارہا ہے ایسے میں ضلع کچھی کے کچھ سماجی انسان دوست تنظیموں اور ہندوبرادری نے اپنی مدد او ر مخیر حضرات کے تعاون سے غرباء اور مستحقین میں راشن تقسیم کرکے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے۔
لیکن حکومتی سطح پر تاحال کوئی ریلیف پیکج اور امدادی راشن کی تقسیم کاری نظر نہیں آتی ضلع کچھی کے عوامی حلقوں نے بالا حکام اور ضلعی انتظامیہ کچھی سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر مستحقین میں امدادی سامان اور راشن کی تقسیم کاری جلد از جلد شروع کی جائے تاکہ انکا داد رسی ممکن ہو سکے۔