کراچی: ملک میں جاری سیاسی بحران نے اسٹاک ایکسچینج پر ایک مرتبہ پھر شدید مندی دیکھی جارہی ہے اور ہنڈریڈ انڈیکس 570 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 27 ہزار 600 کی سطح پر دیکھا جارہا ہے۔
ملک میں جاری حالیہ سیاسی بحران کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کی لپیٹ میں ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ آج کاروبار کے آغاز کے وقت ہنڈریڈ انڈیکس 28ہزار 243 پوائنٹس پر موجود تھا ابتدا میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں 28 ہزار 307 کی سطح پر پہنچ گیا تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں شدید مندی چھا گئی اور یکے بعد دیگرے کئی نفسیاتی حدیں گر گئیں، ایک وقت میں انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس کمی کے بعد 27ہزار 600 کی سطح پر بھی آگیا تھا تاہم دوسرے سیشن میں سرمایہ کار ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے اور اب سے کچھ دیر پہلے انڈیکس 27 ہزار 700 کی سطح پر دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کو درپیش سیاسی بحران کی وجہ سے رواں ماہ اب تک ہنڈریڈ انڈیکس میں 18سو سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوچکی ہے۔