|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بلوچستان حکومت پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے،بلوچستان حکومت نے ہمیشہ سوچ وبچار کے بعد اہم فیصلے کئے ہیں،تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس عالمی وباء اورموذی مرض ہے اس لئے عوام اس بیماری سے پیشگی بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

بلوچستان حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے بلکہ لوگوں کو اس بیماری سے بچانے کیلئے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے مزدوراور دیہاڑی دار طبقے کی ہرممکن مدد کی جائیگی،ڈاکٹروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نرسز نے خدمات دینی شروع کردی۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے بلوچستان حکومت پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے،بلوچستان حکومت نے ہمیشہ سوچ وبچار کے بعد اہم فیصلے کئے ہیں۔

اور آئندہ بھی عوام کے بہتر مفاد کیلئے بہترین فیصلے کرینگے،صوبائی وزیر نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام بازاروں میں گھومنے کی بجائے گھروں پر رہ کرخود کو اور معاشرے کے دوسرے افراد کومحفوظ رکھنے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوامی مفاد میں بہترین فیصلے کررہی ہیں دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کی ہرممکن مدد کی جائیگی اس سلسلے میں حکومت نے تمام اضلاع کے ضلعی آفیسران کو کروڑوں روپے جاری کردئیے ہیں مشکل وقت گزر جائے گا۔