خضدار: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ کورونا وائرس ایک وباء ہے جس سے پاکستان سمیت پوری دُنیاء کے اقوام کو متاثر کیا ہے۔ اس مرض سے بچاؤ کے لئے ہمیں تمام تر حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو کرتدابیر اپنانے ہونگے۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ رجو ع الی اللہ کریں توبہ و استغفار کا اہتمام کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ حکومت کے ساتھ ساتھ عام طبقات پر بھی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی کے موقع پر آگے آکر اپنی خدمات پیش کریں۔ سیاسی اختلافات،کو بلائے طاق رکھ کر صرف اور صرف قومی و اسلامی جذبے کومد نظر رکھ کراپنے آس پاس کے افراد کی مدد کریں۔
انہوں نے کہاکہ ایسے نازک موقع و مرحلے پر ہی قوم کے افراد کے جذبے اور محنت اور یکجھتی کی خبر سامنے آتی ہے یقینا جو جذبہ اس وقت نظر آرہاہے وہ حوصلہ افزاء ہے اور امید ہے کہ اسی تحمل مزاجی کے ساتھ ہم آگے بڑھیں گے او ر اس وبائی مرض سے نجات حاصل کریں گے۔
حکومت کی جانب سے مستحقین کو ریلیف دینے کے لئے 76کروڑ پچاس لاکھ روپے کا اجراء کیا گیا ہے جو پورے صوبے کے اضلاع میں مستحقین کو راشن کی مد میں فراہم کیاجائیگا یہ ایک حوصلہ افزاء اقدام ہے اس کے ساتھ صاحب حیثیت افراد بھی حکومت کے معاون بن کر مستحقین کی خدمت کے لئے آگے بڑھیں۔