|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2020

کوہلو: محکمہ صحت کوہلو کی جانب سے کورونا وائرس کی تدارک کیلئے لاسے زئی چیک پوسٹ پر کرونا اسکریننگ پوائنٹ قائم کیا گیا جہاں بین الصوبائی اور اندرون صوبہ سے آنے والے افراد اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور کی اسکریننگ کی جائے گی۔

اس موقع پر ضلعی ناظم ڈاکٹر شیر زمان مری،ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی سہیل اسلام بلوچ،ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر بی آر ایس پی شاہ میر بلوچ،مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن آفیسر پی پی ایچ آئی رفیق بزدار،یونیسیف کے نمائندے عاقل بلوچ،ای پی آئی کے کلیم بلوچ سمیت دیگر موجود تھے۔ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر شیرزمان مری کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ و دیگر معاون اداروں کی تعاون سے کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سخت اقدامات جاری ہیں۔

بی آر ایس کی تعاون سے شہر کے مختلف علاقوں اور گلی محلوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کئے گئے اورعوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی جارہی ہیں پنجاب اور اندرون بلوچستان کوئٹہ،دکی،سنجاوی،زیارت،بارکھان اور دکی سے آنے والے افراد اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کی اسکریننگ کیلئے کورونا اسکریننگ پوائنٹ قائم کیا گیا ہے جہاں بین الصوبائی اور اندرون صوبہ آنے والے افراد کی تھرمل گن کے ذریعے اسکریننگ کی جارہی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور کیڈٹ کالج کوہلو میں آئیسولیشن وارڈ اور قرنطینہ بھی قائم کیا گیا۔

اس کے علاوہ قرنطینہ اور آئیسولیشن وارڈوں میں تعینات طبی عملے کو حفاظتی آلات فراہم کئے گئے ضلعی ناظم صحت کا کہنا تھا کہ عوام حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرکے کورنا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے میں کردار ادا کریں دریں اثناء بنیادی مرکز صحت لاسے زئی میں کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے بی ایچ یو میں دائرے بنا کرتمام آنے والے مریضوں کو تین فٹ کی دوری پر کھڑے ہوکر جسمانی دوری کے پروٹوکول کو اپنانے کی ہدایت کی۔