خضدار: کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت ایک خطرناک وباء کا مقابلہ کر رہی ہے ہمیں بھی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اپنی کردار احسن طریقے سے ادا کرنا چائیے،ڈویژن کے تمام اضلاع میں حکومتی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کروانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھا جائے احساس پروگرام پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی مستحق اپنی حق سے محروم نہ رہ جائے۔
ضرورت مندوں کو حکومت کی طرف سے دی جانی والی راشن ان کے دیلیز پر پہنچایا جائے،عوام الناس سے بھی گزارش ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے حکومت،انتظامیہ اور ماہرین کی ہدایات پر ہر صورت عمل کریں تا کہ ہم اس خطرناک صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹ سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی صدارت قلات ڈویژن میں کووڈ 19 کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل بلوچ ڈی سی قلات شہک بلوچ ڈی سی سوراب حبیب اللہ خان ڈی سی آواران میرباز مری قلات ڈویژن کے فوکل پرسن کووڈ 19ڈاکٹر شفیع دانش سپرننڈنٹ عبدالحفیظ جتک عبدالصمد شاہ نواز بلوچ و دیگر اجلاس میں شریک تھے اجلاس میں قلات ڈویژن کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں کورونا وائرس سے نمٹنے لاک ڈاؤن قرنطینہ سینٹرز اور مستحقین میں بروقت راشن کی فراہمی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دیا۔
جلاس میں ضلع خضدار سمیت قلات ڈویژن کے دیگر اضلاع میں کورونا وائرس سے متعلق مشتبہ مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے متعلقہ ذمہ داران سے رابطہ کیا گیا اجلاس میں پورے ملک میں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور اموات پر تشویش کا اظہار کیاگیا اور عوام سے حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کرنے پرزوردیا گیااور تمام ڈپٹی کمشنرز کوہدایت دی گئی کہ اس اہم معاملے پر کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔
کمشنر قلات ڈویژن نے ہدایت کی کہ وہ احساس پروگرام میں حکومت کی طرف سے جو امداد دی جارہی ہے وہ اس بات کی یقین دہانی کریں کہ کسی بھی ضرورت مند کے ساتھ نا انصافی نہ ہو اور ضرورت مندوں کو بلا تعطل بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے ان کا حق انہیں مل سکیں ہماری کوشش ہے کہ اس مشکل دور میں کسی بھی غریب کا چولھا بجھنے نہ پائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع خضدار میں کرونا سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات جن میں قرنطینہ سینٹرکا قیام اور آئیسولیشن وارڈز تحصیل و ضلع کے سطح پر قائم کئے جاچکے ہیں اور اس مد میں ضروری ادویات اورطبی عملے کو وائرس سے بچانے کے لئے احتیاطی کٹس اور دیگر ضروری سامان کا بندوبست کیا جاچکا ہے۔
اور لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مندوں کو راشن بھی ان کی دہلیز پر پہنچایا جارہا ہے قلات ڈویژن کے فوکل پرسن کووڈ 19ڈاکٹر شفیع دانش نے اجلاس کو بتایا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں کورونا سے نمٹنے کے لئے طبی عملے کی تربیت کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے اور قلات ڈویژن میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے طبی عملہ ہمہ وقت تیار ہیں۔
اجلاس کو بتایا کہ اس وقت قلات ڈویژن کورونا کے دو مریضوں میں ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے لہذا عوام میں کورونا وائرس کے بارے میں مذید شعور و آگہی کی ضرورت ہے اور احتیاطی تدابیر برتنا بھی ضروری ہے تاکہ یہ مہلک مرض مزید پھیلنے سے رک سکیں۔