وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے پاکستانیوں کی میتیں نہ لانے کی وجہ عالمی سطح پر ائیرپورٹس کی بندش ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخار ی نے اوورسیز پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا کہ بیرون ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہیں، انتقال کرنے والے پاکستانیوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث انتقال کر جانے والوں کی میتوں کو پاکستان نہ لانے کی وجہ عالمی سطح پر ائیرپورٹس کی بندش ہے لیکن میتوں کو پاکستان لانے کے لیے انتظامات شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، سعودی عرب اور یو اے ای سے پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی کے لیے قطر ائیر لائن سے بات چیت جاری ہے، قومی ائیر لائن کو بھی میتوں کو واپس لانے کے لیے بیرون ملک بھیجیں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی تکلیف کا اندازہ ہے، کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ہم سب ایک دوسرے کا سہارا بنیں گے۔