دنیا بھر میں زیادہ تر شعبوں کی طرح فٹبال کو بھی کورونا وائرس نے بلکل بند کر کے رکھ دیا ہے۔
چونتیس دن سے دنیا کے سب سے بڑے اور مقبول کھیل کے میدانوں میں تالے لگے پڑے ہیں۔ چونتیس دن سے مداحوں کے شور کی جگہ پرندوں کے چہچہاننے کی آوازیں آرہی ہیں اور چونتیس دن سے ہی کروڑوں پاؤنڈ کمانے والے فٹبال سٹارز نے اپنے اپنے گھروں یا محلوں میں خود کو بند کیا ہوا ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ دنیا بھر میں فٹبالر آخر 34 دن سے کر کیا رہے ہیں۔
پرتگال ٹیم کے کپتان اور یووینٹس کے سٹار سٹرائیکر کرسچیانو رونالڈو اپنے آبائی شہر میڈیرا میں اپنی گرل فرینڈ اور چار بچوں کے ساتھ اپنے محال نما گھر میں بند ہیں۔
گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں انھوں نے دکھایا کہ کیسے سب کچھ بند ہونے کی وجہ سے ان کی گرل فرینڈ ان کے بال کاٹ رہی ہیں۔ اور ایک پوسٹ میں وہ اور ان کی تین برس کی بیٹی ان کے ساتھ ورزش میں ان کی مدد کررہی ہیں۔
رونالڈو اور ان کے ایجنٹ جارج مینڈس نے ایک ملین یورو کی رقم پرتگال کے شہر لسبن میں ہسپتالوں کو عطیے کے طور پر دی ہے۔
فرانسیسی فٹبال کلب پی ایس جی کی طرف سے کھیلنے والے نیمار کو ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے گھرکے باغیچے میں اپنے کتوں کے ساتھ کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
neymarjr کی انسٹا گرام پر پوسٹ سے آگے جائیں
فرانسیسی جریدے لے ایکوئپے کے مطابق ساڑھے تین ملین ڈالر ماہانہ کمانے والے نیمار کے گھر میں ایک ٹینس کورٹ، ایک فٹبال پچ اور ایک عدد ریسٹورانٹ ہے۔
برازیلین سٹار نے ایک ملین ڈالر کی رقم کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے امداد کے طور پر دی ہے۔ برازیل جنوبی امریکہ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔
ہسپانوی کلب بارسلونا کے کپتان لائنل میسی عمومًا سوشل میڈیا پر اتنے متحرک نظر نہیں آتے۔
میسی نے سپین اور اپنے ملک ارجنٹینا میں کورونا وایرس سے لڑنے کے لیے عطیات دینے کے ساتھ ساتھ اس کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے مختلف مہم میں حصہ بھی لیا ہے۔
میسی کی طرف سے انسٹاگرام پر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے تین بچوں کو سلانے سے پہلے کہانیاں سنا رہے ہیں۔
View this post on Instagram
جبکہ ایک اور پوسٹ کی گئی ویڈیو میں وہ اپنے گھر میں اپنے چھوٹے بیٹے کو ورزش کروا رہے ہیں۔
اپنے مداحوں کی طرف سے پیار سے دی فاروا کھلانے والے مصری فٹبال سٹار محمد صلاح بھی رونالڈو اور مییسی کی طرح زیادہ تر وقت اپنے بچوں کے ساتھ گزارتے دیکھائی دیتے ہیں۔
ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وہ اپنے گھر کے گارڈن میں اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ فٹبال اور ورزش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ محمد صلاح کی بیٹی کی ایک کلپ اس وقت وائرل ہوگئی تھی جب انھوں نے گشتہ برسپریمیئر لیگ سیزن کے اختتام پر اپنے والد کو گولڈن بوٹ دیے جانے کے بعد پچ پر آکر اکیلے ایک گول سکور کیا تھا۔
ستائیس برس کے مو صلاح کے بارے میں فٹبال ٹرانسفرز کے حوالے سے یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ یہ ان کا برطانوی کلب لیورپول کے ساتھ آخری سیزن ہے اور نئے سیزن میں وہ جرمنی یا پھر سپین کا رخ کرسکتے ہیں۔