|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2014

واشنگٹن: سوئٹزر لینڈ میں ایک دوا ساز کمپنی نے ایک دوا تیار کرلی ہے جس کے دل کے امراض میں موجودہ علاج کے مقابلے میں 20 فیصد بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اس نئی دوا کا نام ایل سی زیڈ 696 ہے اور اسے طبی حلقوں میں ‘بلاک بسٹر’ قرار دیا جارہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے اس دوا سے اربوں ڈالر کا منافع بھی حاصل کیا جاسکے گا۔ قلبی ناکامی کی صورت میں انسان کا دل مناسب انداز میں خون پمپ نہیں کرپاتا جسکے باعث دنیا بھر میں ڈھائی کروڑ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ نوورٹیز نے یہ دوا ہفتے کو بارسیلونا، اسپین میں ہونے والے یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے اجلاس کے دوران متعارف کروائی۔ کمپنی کی ریسرچ کے مطابق 27 ماہ کے دوران اس دوا کو 47 ممالک میں 8400 مریضوں پر آزمایا گیا اور اس کے نتائج کا موجودہ علاج کے طریقوں سے موازنہ کیا گیا۔ مطالعے کے اختتام میں 21.8 فیصد مریض ہلاک ہوئے جبکہ اسی مدت میں پرانے طریقہ علاج سے 26.5 فیصد افراد چل بسے ۔ نوورٹیز کا منصوبہ ہے کہ اس دوا کو سال کے اختتام تک امریکا کی مارکٹوں اور 2015 کے آغاز میں یورپی ممالک میں متعارف کروادیا جائے۔ ریسرچ کے مطابق جن افراد پر اس دوا کو آزمایا گیا انہوں نے ہپستال میں 21 فیصد کم وقت گزارا۔ علاج کے باوجود اس بیماری کے 50 فیصد افراد تشخیص کے پانچ سال کے اندر ہی انتقال کرجاتے ہیں۔