کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اس سے ہزاروں افراد جاں بحق اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کیا شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے اس لئے مرحلہ وار مختلف شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ان خیالات کااظہار ڈپتی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے گزشتہ روزکوئٹہ پریس کلب میں میڈیا ورکرز میں راشن اور امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن بھی موجودتھے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پوری دنیا کیلئے یہ مشکل وقت ہے او اس مشکل گھڑی میں احساس پروگرام کے ذریعے غریب اور مستحق افراد میں فی کس 12 ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں اور میں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقہ انتخاب میں غریب افراد میں راشن اور رقم تقسیم کی ہے اور آج اسی سلسلے میں ضرورت مند میڈیا ورکرز کی مدد کیلئے پریس کلب آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے صحافی برادری بھی متاثر ہوئی ہے ہم صحافیوں کی بھرپور امداد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لاک ڈاون کے باعث غریب، دیہاڑی دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں حکومت نے ان کی مالی امداد کیلئے احساس پروگرام کے تحت غریب اور مستحق افراد میں 12 ہزار رپے تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا ہے جس سے ابتک لاکھوں افراد مستفیدہوچکے ہیں۔