پولیس نے سوشل میڈیا پر اہلکاروں کو ’بدنام کرنے والی‘ پرانی ویڈیوز اپ لوڈ یا شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ پولیس کی جانب سے ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے عناصر کو ’شرپسند عناصر‘ قرار دیا جو پولیس فورس کو ’بدنام اور عوام میں پولیس کے خلاف مایوسی‘ پھیلا رہے ہیں۔
ایس ایس پی جنوب شیراز نذیر نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے شرپسند عناصر پولیس اہلکاروں کی پرانی ویڈیو شیئر کرکے محکمہ پولیس کی کردار کشی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کا مقصد پولیس کا مورال گرانا ہے۔
علاوہ ازیں ایس ایس پی جنوب نے بتایاکہ ایک سی سی ٹی وی ویڈیو کا تعلق فیصل آباد سے ہے جبکہ سی وی کراچی کے حوالے سے وائرل ہونے والی دوسری ویڈیو ڈھائی سال پرانی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائرل ہونے والی تمام پرانی ویڈیو میں موجود اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسری ویڈیو میں کلفٹن کےپولیس اہلکاروں کو رشوت لیتے دیکھا گیا جو ایک سال پرانی ہے تاہم ان کے خلاف بھی اس وقت قانونی کارروائی میں لائی گئی تھی اور معطل کردیا گیا تھا۔
اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ اعلیٰ حکام نے معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا تاکہ پولیس کو بدنام کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے۔
علاوہ ازیں پولیس کی لیگل برانچ بھی اس معاملے پر غور کررہی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر ایسی غیر مصدقہ ویڈیو شیئر یا اپ لوڈ کرنے سے گریز کریں۔