کوئٹہ: صوبائی حکومت نے مزید لاک ڈاون سے متعلق سخت فیصلہ کیاہے۔ عوامی غفلت سے کورونامقامی سطح پر تیزی سے پھیل رہا ہے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو ہزار گنجی قرنطینہ سینٹر منتقل کرنے کافیصلہ کیاہے۔صوبائی حکومت نے 17 مارچ کو لاک ڈاون کا فیصلہ کیاتھاتاجربرادری کے مطالبہ پر کچھ نرمی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے گزشتہ روز سول سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے لاک ڈاؤن میں سخت فیصلے بھی کئے لیکن تاجر برادری کے مطالبات پر کچھ نرمی کی گئی چند دکانوں کو چوٹ دی گئی لیکن اس کے بعد عوام نے احتیاط نہیں کیابلکہ عوام اس نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مارکیٹوں میں ہجوم کی صورت میں جاتے ہیں۔
اس لئے صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن کو سخت کرنے کافیصلہ کیا ہے اگر کسی نے اس کے خلاف ورزی کی تو انہیں ہزارگنجی قرنطینہ سینٹرمنتقل کیاجائے گا۔ ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہاکہ اب تک لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 2700 دکانیں سیل کی جاچکی ہیں۔ لیاقت شاہوانی نے کہاکہ ڈاکٹرز کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ لاک ڈاون کو مزید سخت کیا جائے۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہاکہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر عوام تعاون نہیں کرتی تو مجبوراََ لاک ڈاون کو مزید سخت کردینگے،سندھ اور بلوچستان حکومت نے بروقت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا،اب عوام کو خود سوچنا چاہئے ورنہ لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے پر مجبور ہونگے،وفاقی حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر بلوچستان کے علماء نے عمل درآمد کیاہے اورامید ہے کہ علمائے کرام ایس او پیز پر آئندہ بھی عمل کرینگے۔ لیاقت شاہوانی نے کہاکہ لوکل سطح پر کورونا کے کیسز تیزی سے پھیل رہا ہے،آج مزید 900 ٹیسٹ میں سے 71 افراد کے ٹیسٹ نتائج مثبت آئے ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 852 ہوگئی ہے،بلوچستان حکومت کے پاس ٹیسٹ کٹس کم ہونے کی وجہ سے لوکل اسپریڈ شروع کیا گیا،اب تک رینڈم ٹیسٹنگ میں 23 کیسز مثبت آئے ہیں،بلوچستان حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیسٹنگ کی گنجائش کو بڑھا یا جائے۔ انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو امداد دی جاری ہے۔
صوبائی حکومت نے وفاق سے گزارش کی ہے کہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ ختم کریں،رمضان میں عوام کو بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کے دوران مشکلات کا سامنا کرناپڑتاہے۔لیاقت شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان حکومت اپنا سیناٹائزر پیک کررہا ہے جو جلد شہریوں تک پہنچائے جائیں گے