لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے سرمایہ کاری سے متعلق عمران خان کا بیان پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورے اور چین کی جانب سے سرمایہ کاری سے متعلق عمران خان کا افسوس ناک بیان پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش کا حصہ ہے، انہوں نے چینی صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق تیسری بار اپنا بیان بدلا ہے۔ وہ پوری ذمہ داری سے کہتے ہیں کہ چینی صدر 10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی کےمنصوبوں کے لئے پاکستان آرہے تھے، منصوبوں میں 100 فیصد چینی سرمایہ کاری ہونا تھی، اس میں ایک روپیہ بھی قرضہ شامل نہیں تھا۔ ان منصوبوں کے لئے سرمایہ کاری کو قرض قرار دینا عمران خان کا ایک اور جھوٹ ہے۔
واضح رہے کہ چین کے صدر رواں ماہ پاکستان کے دورے پر آرہے تھے ، ان کے دورے کے دوران بجلی کے منصوبوں اور دیگر میگا پراجیکٹس پر سرمایہ کاری کے معاہدے طے ہونے تھے تاہم ملک کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر یہ دورہ منسوخ کردیا گیا۔