|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2020

حب :  پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، تقریباً 5,616 ملین روپے کی 3510 کلو گرام اعلیٰ کو الٹی کی حشیش جو پہاڑوں میں چھپائی گئی برآمد کرلی گئی۔

پاکستان کوسٹ کے ترجمان کے ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کیئے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے ایک تفصیلی منصوبہ بنایا اور دو آفیسرز سمیت ساٹھ جوانوں پر مشتمل زمینی اور سمندری گشت پارٹیاں تشکیل دیں۔14 گاڑیوں اور چار کشتیوں پرمشتمل ان پارٹیوں نے مشکوک پہاڑی علاقوں کی کڑی نگرانی شروع کی اور تین دنوں کی انتھک کوششوں کے بعد پسنی کے علاقے بدوک کے مقام پر پہاڑوں میں چھپائی گئی 3,510 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چشیش برآمد کر لی گئی۔خدشہ تھا کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔

پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت تقریباً 5,616 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے جوانوں کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور اسمگلنگ کی بیخ کنی کرکے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر تی رہے گی۔