|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2014

بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکے ایک ایسے موقع پر ہوئے ہیں جب امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری جہادیوں کے خلاف حکمت عملی مرتب کرنے کے سلسلے میں گفتگو کے لیے عراق میں موجود ہیں۔ حکام نے بتایا کہ مشرقی بغداد کے پرہجوم علاقے میں پولیس چوکی کے قریب خودکش کار بم دھماکا ہوا جبکہ کچھ دیر بعد ایک اور کار بم دھماکا ہوا جس میں 31 افراد زخمی بھی ہوئے۔ دولت اسلامیہ کے عسکریت پسندوں نے جون میں عراق کے متعدد اہم علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور اس کے بعد سے سیکورٹی فورسز، شیعہ ملیشیا اور کرد جنگجو وہ علاقے شدت پسندوں کے قبضے سے چھڑانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ امریکا نے ملک کے شمالی علاقوں میں کرد افواج کی مدد ک لیے آٹھ اگست کو فضائی کارروائی شروع کی تھی جبکہ صوبہ صلاح الدین اور انبار میں بھی کچھ حملے کیے گئے تھے۔ کیری کا غیر اعلان شدہ دورہ نئی امریکی حکمت عملی کے قیام کے لیے خطے کے دورے کا پہلا مقام تھا جہاں کیری نے ایک بیان میں کہا تھا عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی دنیا بھر میں ہمارے اتحادیوں کی مکمل حمایت سے ہی ممکن ہے۔