|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2014

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید 5 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 30 سے تجاوز کرگئی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ڈینگی وائرس میں مبتلا افراد کا تعلق لاہور، شیخوپورہ اور مریدکے سے ہے جو اس وقت گورنمنٹ شاہدرہ اسپتال اور میو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ راوی ٹاؤن، فیروز والا ، شیخوپورہ اور شاہدرہ سے 80 سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا ملنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ان مقامات کو ہائی رسک قرار دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند برس قبل ڈینگی کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 150 سے زائد افراد ڈینگی کی وبا سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔