ڈیرہ اللہ یار: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کتب بینی اور تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اقدامات اٹھا رہی ہے لائبریری اور عسکری پارک کو جلد فنکشنل کیا جائیگا۔
ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو منظور احمد پنہور اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر اور چیف آفیسر محمد سلیم ڈومکی کے ہمراہ پبلک لائبریری اور عسکری پارک کا دورہ کیا۔
اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منظور احمد پنہور اور اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر نے ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک کو لائبریری کے قریبی عمارات میں کی مرمت کروانے اور ضلعی افسران کے لیے آفیسر کلب کو فنکشنل کرنے کیساتھ ساتھ بیڈ منٹن اسکائچ و دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بہتر ماحول کے قیام کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ چیف آفیسر محمد سلیم ڈومکی نے عسکری پارک میں سہولیات کی عدم موجودگی کے متعلق بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک نے کہا کہ لائبریری میں مختلف موضوعات پر مبنی کتابیں اخبارات اور جریدے سمیت کمپیوٹرز کی سہولت بھی فراہم کرینگے تاکہ نوجوان فارغ اوقات کار میں لائبریری میں بیٹھ کر کتب بینی کرسکیں اور نوجوانوں سمیت بچوں کو تفریح کے لیے عسکری پارک میں بھی تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
لائبریری اور عسکری پارک کے فنکشنل ہونے سے نوجوان اپنی صلاحیتیں تعلیم اور تفریح میں بروئے کار لائیں گے ہمیں اپنے نوجوانوں کے بہتر اور روشن مستقبل کے لیے دستیاب تمام تر وسائل بروئے کار لانے ہونگے تاکہ نوجوان غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیکر بے راہ روی سے محفوظ رہ سکیں ہمارے نوجوان ہی ہمارے مستقبل کا معمار ہیں۔