|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2014

کوئٹہ: عمران خان کی جانب سے نیشنل پارٹی کے اقلیتی نشست کے رکن اسمبلی ہینڈری مسیح قتل کے متعلق بیان نے بلوچستان کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، ہینڈری مسیح کے قتل کے حوالے سے عمران خان کے انکشافات کو حکومتی اراکین اور ہینڈری مسیح کے لواحقین نے مسترد کرتے ہوئے کہاکہ کپتان ہوا میں تیر مار رہے ہیں۔عمران خان نے ایک بار پھراپنی توپوں کا رخ بلوچستان حکومت کی طرف کرلیا ہے۔ کپتان کا کہنا ہے کہ ہینڈری مسیح کو زمینوں پر قبضے اور کوئلے کی کانوں پر آواز بلند کرنے پر قتل کیا گیاہے جس پر نیشنل پارٹی کی رکن اسمبلی یاسمین لہڑی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو روز نئی پرچیاں ملتی ہیں جس پر وہ خطاب کرتے ہیں۔ ہینڈری مسیح کے قتل کے متعلق ان کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے۔ ہینڈری مسیح کے محافظوں آغا محی الدین اور ہینڈری مسیح کے بھتیجے اویس کے درمیان کشیدگی چل رہی تھی اسی دوران ہینڈری مسیح درمیان میں آگئے اور انہیں گولی لگی جس کا اعتراف خود مجرم آغا محی الدین نے تحقیقات کے دوران کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان اب بند گلی میں پھنس گئے ہیں اس لئے آئے روز من گھڑت بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پر بھی دھاندلی کے الزامات لگائے تھے ۔ دوسری جانب ہینڈری مسیح کے لواحقین کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات مجرم نے تحقیقات کے دوران پولیس کو بتادی تھی اب عمران خان ہوا میں تیر چلارہے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہینڈری مسیح کے متعلق عمران خان نے جو باتیں کی تھی کہ زمینوں پر قبضے اور کوئلے کی کانوں پر آواز بلند کرنا یہ سب باتیں جھوٹ پرمبنی ہے۔ ہینڈری مسیح کو 14جون 2014 ء کو ان کے گھر سامنے قتل کیا گیا تھا جبکہ کچھ دنوں بعد ہی مجرم آغا محی الدین کوپولیس نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سے گرفتار کرلیا تھا ، اتنے مہینے گزرنے کے بعد عمران خان کو اس قتل کے متعلق کس نے آگاہ کیا، ایسے بہت سارے سوالات اب بھی لوگوں کی ذہنوں میں گشت کررہے ہیں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قدوس بزنجو پربھی دھاندلی کے الزامات لگائے تھے جنہیں وہ تاہم ثابت نہیں کرسکے مگر ہینڈری مسیح کے قتل کے اصل محرکات کوکپتان سامنے لاسکیں گے یا پھر اسی طرح دھرنے کی مدت کو بڑھاتے ہوئے روز من گھڑت انکشافات کرتے رہیں گے جو اس سے قبل وہ کرتے رہے ہیں۔