دوشنبے: چین کے صدر نے دورہ پاکستان کےعزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد دوست ملک کا دورہ کرکے وزیراعظم نواز شریف سے ملنا چاہتا ہوں۔
تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ’’شنگھائی تعاون تنظیم‘‘ کا 14واں اجلاس جاری ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کررہے اورانہوں نے آج چین کے صدر زی چنگ پنگ سے ملاقات کرکے وزیراعظم نواز شریف کا تہینتی پیغام پہنچایا، اس موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی سدا بہار ہے اور جلد پاکستان کا دورہ کر کے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کروں گا۔ انہوں نے پاکستانی سیاسی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور امید ہے کہ موجودہ سیاسی بحران بھی جلد حل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ چین کے صدر کو رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا جس میں دونوں ممالک نے مختلف معاہدوں پر دستخط کرنا تھے تاہم اسلام آباد میں دھرنوں کے باعث چین کی سیکیورٹی ٹیم نے صدر کو دورہ پاکستان کی کلئیرنس نہیں دی تھی۔